جوڈیشل کمیشن نے سندھ ہائی کورٹ میں آئینی بینچز کے لیے 9 ججز کی نامزدگی کردی۔ جسٹس کے کے آغا آئینی بینچز اور آئینی کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق آئینی کمیٹی جسٹس کے کے آغا کی سربراہی میں جسٹس عمر سیال اور محمد سلیم جیسر پر مشتمل ہوگی۔ آئینی بینچز کے لیے جسٹس ذوالفقار علی سانگی ، جسٹس ارباب علی ، جسٹس یوسف علی سید ، جسٹس خادم حسین سومرو اور جسٹس ثنا منہاس اکرام کے نام شامل ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئینی بینچز کی تشکیل کے لیے جوڈیشل کمیشن میں اکثریتی رائے سے فیصلہ ہوا، آئینی بینچز کے لیے 9 ججز کے حق میں 11 ووٹ آئے۔ جسٹس منصور علی شاہ ، جسٹس منیب اختر اور چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے اختلافی رائے دی جبکہ چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحیی آفریدی نے حق یا مخالفت میں ووٹ نہیں دیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کے دو ممبران عمر ایوب اور شبلی فراز شریک نہیں ہوئے، اجلاس میں دونوں ممبران کا تقریبا دو گھنٹے تک انتظار کیا گیا۔ انتظار کے بعد دونوں ممبران کے فون بند ہونے کے سبب چار بجے اجلاس شروع ہوا۔







