ڈرگ فری پشاور منصوبہ شروع کرنے کیلئے تیاریاں مکمل

مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم اور صوبائی وزیر ایکسائز میاں خلیق الرحمان کی مشترکہ سربراہی میں ”ڈرگ فری پشاور” منصوبے کو جلد شروع کرنے اور نجی رہیب سنٹرز کی شارٹ لسٹنگ کی پالیسی مرتب کرنے کیلئے ایک اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکرٹری ایکسائز و ٹیکسیشن سید فیاض علی شاہ، سیکرٹری سوشل ویلفیئر حسین شاہ، کمشنر پشاور ریاض محسود اور ڈپٹی کمشنر پشاور سرمد سمیت متعدد حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت کا ”ڈرگ فری پشاور” کا فیز تھری شروع کرنے کیلئے تیاریاں مکمل ہیں اور منصوبے کے تحت 2000 نشے کی عادی افراد کی بحالی ممکن ہو جائے گی۔ مزمل اسلم نے کہا کہ صوبائی کابینہ کی ہدایات پر منصوبے کیلئے 320 ملین روپے مختص کر دیئے گئے ہیں بحالی مرکز میں ایک مریض پر ایک مہینے میں 40 ہزار روپے خرچ ہونگے اور بحالی کا یہ عمل چار ماہ پر مشتمل ہوگا جس پر تقریباً 1 لاکھ 60 ہزار روپے خرچہ آئے گا۔ اجلاس میں نجی رہیب سنٹرز کی خدمات حاصل کرنے کیلئے معیار اور لوازمات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا تاکہ منصوبے کیلئے ایسے رہیبلٹیشن سنٹرز کی خدمات حاصل کی جائیں جو موثر اور معیاری ہوں۔ مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے کہا کہ معیاری ریہیب سنٹرز کی خدمات حاصل کرنے کیلئے جلد اشتہار دیا جائے گا اور منصوبے کی نگرانی اور فعالی میں محکمہ سوشل ویلفیئر، محکمہ ایکسائز و کمشنر آفس پشاور بروقت کام کر یں گے۔ کمشنر پشاور ریاض محسود نے بریفینگ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈرگ فری پشاور منصوبے کے پہلے دو فیز میں 2397 مریضوں کا علاج کیا گیا ہے جس میں دوسرے صوبوں پنجاب سندھ کے 170 افراد، افغانستان سے تعلق رکھنے والے 39 افراد بھی شامل ہیں جبکہ پہلے پہلے دو فیز میں 19 خواتین و 104 بچوں کا علاج بھی کیا گیا ہے۔ مشیر خزانہ خیبرپختونخوا نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت منصوبے کو جاری رکھے گی تاکہ دوبارہ بحالی والے افراد بھی شامل ہو سکیں۔ وزیر ایکسائز میاں خلیق الرحمان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت منشیات کی روک تھام اور نوجوان نسل کی صحت و تندرستی کیلئے متعدد اقدامات اٹھا رہی ہے اور اس ڈرگ فری منصوبے کو صرف پشاور تک محدود نہیں بلکہ دوسرے اضلاع تک وسعت دی جائے گی۔ اس موقع پر کمشنر پشاور ریاض محسود نے کہا کہ ڈرگ فری پشاور منصوبہ پوری دنیا میں اپنی نوعیت کا بہترین منصوبہ ہے جس کی پہلے دو فیز کے دوران سندھ اور پنجاب کی حکومتوںنے پیروی کرنے کیلئے رابطہ کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed