شعیب جمیل
پشاور ہائیکورٹ نے وزیراعظم پاکستان کی جانب سے خیبر میڈیکل کالج اور ایوب میڈیکل کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کے اعلان کے خلاف دائر رٹ پر متعلقہ فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس فضل سبحان پر مشتمل سنگل بنچ نے یہ احکامات خیبر میڈیکل یونیورسٹی ایمپلائز ایسوسی ایشن کی صدر ڈاکٹر بریخنہ جمیل کی جانب سے دائر رٹ کی سماعت کے دوران جاری کئے۔رٹ کی پیروی بابر خان یوسفزئی ایڈوکیٹ نے کی۔ دوران سماعت بابر خان یوسفزئی نے عدالت کوبتایا کہ نگران وزیراعظم پاکستان نے امریکہ کی ڈاکٹروں کی تنظیم اپنا کے 46 ویں سالانہ اجلاس جو کہ 20 دسمبر 2023کو گورنر ہاوس میں منعقد ہوا کے موقع پر اعلان کیا تھا کہ 35 گھنٹوں کے اندر اندر خیبر میڈیکل کالج اور ایوب میڈیکل کالج کو میڈیکل یونیورسٹیوں میں تبدیل کیا جائے گا تاکہ ان کا معیار بہتر ہو سکے اور اسی تناظر میں نگران وزیراعلی خیبر پختونخوا نے بھی صوبائی کابینہ کے اجلاس میں اس کیلئے فوری طور پر اس کے لئے آرڈیننس کی منظوری دی اور ان دونوں کالجوں کو یونیورسٹی کا درجہ دے دیا بابر خان کے مطابق اس ضمن میں نہ کوئی پی سی ون تیار کیا گیا ہے اور نہ ہی کوئی دیگر لوازمات پورے کئے گئے حالانکہ اس ضمن میں ان دونوں کالجوں کے بورڈ آف گورنرز کی منظوری کے ساتھ ساتھ اس کیلئے تکنیکی منظوری بھی ضروری ہے اس کے علاوہ ہائر ایجوکیشن کمیشن اور الیکشن کمیشن آف پاکستان سے بھی اس کی منظوری نہیں لی گئی







