امریکی ریاست ہوائی کے جنگلات میں آگ لگنے سے 80 ہلاک، ہزاروں عمارتیں خاکستر
ہوائی کے جنگلات میں لگنے والی آگ پر تین روز بعد بھی مکمل قابو نہیں پایا جا سکا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ کی ریاست ہوائی کے جزیرے ماؤوی میں لگنے والی آگ سے ہلاکتوں کی تعداد 80 ہو گئی ہے جبکہ سرچ ٹیمیں خاکستر علاقے میں مزید لاشوں کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ماؤوی کے جنگلات میں لگنے والی آگ سے ایک ہزار عمارتیں جل کر راکھ ہو گئی ہیں جبکہ ہزاروں افراد بے گھر ہیں۔
ہوائی سے امریکی سنیٹر برائین شاٹز کا کہنا ہے کہ نذر آتش ہونے والی عمارتوں کے اندر ابھی کوئی بھی داخل نہیں ہوا اور سرچ آپریشن کے بعد یہی خدشہ ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں بدقستی سے اضافہ ہو سکتا ہے۔
مزید پڑھیں
انہوں نے بتایا کہ لاہینا کا شہر کسی جنگ زدہ علاقے کی تصویر پیش کر رہا ہے جس پھر بم برسایا گیا ہو۔
ماؤوی کاؤنٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جنگل سے شہر تک پھیلنے والی آگ اب بھی جل رہی ہے لیکن 85 فیصد پر قابو پا لیا گیا ہے جبکہ دیگر دو جنگلات میں لگنے والی آگ پر 80 اور 50 فیصد قابو پایا گیا ہے۔
قدرتی آفت کے تین دن بعد بھی یہ واضح نہیں ہو سکا کہ کیا گھروں تک آگ پہنچنے سے پہلے انتظامیہ کی جانب سے رہائشیوں کو خبردار کیا گیا تھا۔
ویسے تو جزیرے پر کسی بھی خطرے یا قدرتی آفت کی صورت میں سائرن بجائے جاتے ہیں لیکن اس مرتبہ ممکنہ طور پر ایسا نہیں کیا گیا۔
ہوائی کے گورنر جوش گرین نے انتباہی سائرن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس واقعے کا مکمل جائزہ لینے کی ہدایات دے دی گئی ہیں تاکہ حقائق کا مکمل علم ہو سکے۔ بشکریہ اردو نیوز