ورلڈ کپ کوالیفائر میچ میں جرمنی کی ٹیم نارتھ میسیڈونیا کو چار صفر سے شکست دیکر ورلڈ کپ میں کوالیفائی کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی، فٹبال ورلڈ کپ اگلے برس قطر میں کھیلا جائے گا۔ورلڈ کپ کوالیفائر گروپ جے میں جرمن ٹیم کا مقابلہ نارتھ میسیڈونیا سے ہوا، پہلے ہاف میں تو کوئی گول نہ ہوسکا لیکن میچ کے دوسرے ہاف میں جرمن ٹیم کے کھلاڑی ہیورٹس نے گول کیا، پھر میچ کے 70 ویں اور 73 ویں منٹ میں فلورین ورٹز نے دو گول کر کے جرمنی کی برتری تین صفر کردی۔میچ کے 83 ویں منٹ میں بائرن میونخ کی نمائندگی کرنے والے 21 سالہ اٹیکینگ میڈ فیلڈ جمال مسی نے چوتھا گول کیا، ان کا جرمنی کی جانب سے پہلا انٹرنیشنل گول ہے۔اس فتح کے بعد جرمنی گروپ جے میں 21 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر رہنے کے ساتھ ورلڈ کپ میں کوالیفائی کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔