صوبائی وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے کہا ہے کہ ٹیچرز کی زندگیاں آسان کرنے کے لیے جتنا میں نے کام کیا ہے کسی نے نہیں کیا، محکمہ تعلیم سے پانچ سے دس ارب روپے کی کرپشن کا خاتمہ کیا ہے۔ملتان میں گورنمنٹ پائلٹ سکینڈری اسکول میں صوبائی وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسکولوں کے اندر کمرے بڑھانے کے لئے ایک پروگرام لا رہا ہوں، ہم اسکولوں میں کمروں کی کمی کو پورا کردیں گے۔صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ پنجاب میں یکساں نصاب تعلیم کے نفاذ کو یقینی بنا رہے ہیں، پنجاب حکومت اساتذہ کو زیادہ سہولیات دینے کے لئے اقدامات کررہی ہے۔مراد راس نے یہ بھی کہا کہ ڈینگی کے مسائل زیادہ لاہور اور راول پنڈی میں آرہے ہیں، اسکولوں میں ڈینگی اسپرے کروا رہے ہیں، ڈیڑھ سال سے ہم کورونا کے خلاف جنگ لڑ رہے تھے، کورونا کے دور میں 10لاکھ بچے اسکول لائے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ لوگ سرکاری اسکولوں میں آنے کے لیے تیار ہیں، والدین کو ہم اعتماد میں لے رہے ہیں کہ وہ بچوں کو کووڈ ویکسین لگائیں۔