خیبرپختونخوا میں یکم تا 8 ستمبر عالمی یومِ خواندگی منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، صوبہ بھر کے تعلیمی اداروں میں مختلف آگاہی اور مطالعاتی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق 8 ستمبر کو عالمی یومِ خواندگی صوبہ بھر میں بھرپور انداز میں منایا جائے گا، اس سلسلے میں تعلیمی اداروں میں سیمینارز، آگاہی سیشنز، تقریری اور مباحثہ مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔ اس خصوصی دن کی مناسبت سے طلبہ کے لیے مضمون نویسی، پوسٹر مقابلوں اور مطالعاتی سرگرمیوں کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔محکمہ تعلیم نے صوبے کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کو خصوصی سرگرمیوں کا اہتمام کرنے کی ہدایت کی ہے۔اعلامیے کے مطابق تعلیمی اداروں کو منعقد کی جانے والی سرگرمیوں کی روزانہ تصاویر اور پیش رفت رپورٹ متعلقہ حکام کو جمع کرانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔محکمہ تعلیم کے مطابق عالمی یومِ خواندگی کی سرگرمیوں کا مقصد طلبہ میں تعلیم، مطالعے اور خواندگی کی اہمیت کے حوالے سے آگاہی کو فروغ دینا ہے۔







