اے این پی پاک چین دوستی کو خطے کے امن و ترقی کیلئے ناگزیر سمجھتی ہے، امیر بہادر ہوتی

عوامی نیشنل پارٹی پنجاب کے سیکرٹری جنرل امیر بہادر خان ہوتی نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی وقت کی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے اور عوامی نیشنل پارٹی اس دوستی کو نہ صرف قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہے بلکہ اسے خطے میں امن، معاشی ترقی اور خوشحالی کے لئے انتہائی اہم سمجھتی ہے۔ پاکستان اور چین کے درمیان سیاسی و سفارتی تعلقات کے ساتھ ساتھ عوامی، ثقافتی، تعلیمی اور تجارتی روابط کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار پشاور میں قائم چینی ثقافتی و اطلاعاتی مرکز چائنہ ونڈوکے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ امیر بہادر ہوتی نے مختلف گیلریوں کا دورہ کیا

اور چین کی تاریخ، ثقافت، ترقی اور پاک چین تعلقات سے متعلق تصاویر اور دیگر مواد میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے امیر بہادر ہوتی نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی ہمیشہ سے اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ پرامن، دوستانہ اور باہمی احترام پر مبنی تعلقات کی حامی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کا انتہائی قابلِ اعتماد دوست ہے اور دونوں ممالک کے تعلقات حکومتوں یا سیاسی تبدیلیوں سے بالاتر ہو کر عوامی سطح پر مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔ ماضی میں بھی اے این پی کے رہنمائوں نے پاک چین اقتصادی تعاون اور اقتصادی راہداری کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چین کی غیر معمولی ترقی کے پیچھے طویل المدتی منصوبہ بندی، پالیسیوں کا تسلسل، نظم و ضبط، عوامی فلاح اور ترقی پر توجہ کا اہم کردار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیاسی جماعتوں اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے درمیان روابط اور تبادلوں سے ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کے مواقع پیدا ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان رابطے پاکستان اور چین کے ریاستی اور عوامی تعلقات کو بھی مزید مستحکم کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی امن، ترقی اور علاقائی تعاون پر یقین رکھتی ہے اور پاکستان، چین، افغانستان اور وسطی ایشیائی ممالک کے درمیان بہتر رابطوں کو پورے خطے کی معاشی خوشحالی کے لیے اہم سمجھتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تجارت اور سرمایہ کاری اسی وقت بھرپور فروغ پا سکتی ہے جب خطے میں پائیدار امن ہو، اس لیے دہشت گردی کے خاتمے اور امن کے قیام کے لیے مشترکہ کوششیں وقت کی اہم ضرورت ہیں۔چائنہ ونڈو کی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے امیر بہادر ہوتی نے کہا کہ پشاور میں اس نوعیت کا مرکز قائم ہونا خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ چائنہ ونڈو حقیقی معنوں میں پاکستان اور چین کے عوام کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کر رہا ہے اور یہاں ہونے والی ثقافتی، تعلیمی اور عوامی سرگرمیاں دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں مددگار ثابت ہو رہی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed