کالج آف ہوم اکنامکس یونیورسٹی آف پشاور کے شعبہ فوڈ اینڈ نیوٹریشن سائنسز کی ایم فل سکالر ماہ نور کلیم نے اپنے تحقیقی مقالے کا کامیابی سے دفاع کرلیا۔ ان کے تحقیقی مقالے کا عنوان Evaluating the Effectiveness of Therapeutic Nutritional Supplements in Treating Severe Acute Malnutrition among Children Aged 2-5 Years in District Peshawar تھا.
تحقیقی مقالہ ڈاکٹر ذہین انجم کی نگرانی میں مکمل کیا گیا جبکہ مقالے کا جائزہ ڈاکٹر عائشہ بی بی چیئرپرسن شعبہ ہیومن نیوٹریشن اینڈ ڈائیٹیٹکس ویمن یونیورسٹی مردان نے بطور بیرونی ممتحن لیا۔اس موقع پر ایکٹنگ پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر سیدہ کنیز فاطمہ حیدر نے سپروائزر ڈاکٹر ذہین انجم اور فیکلٹی ممبران کی کاوشوں کو بھی سراہا اور کہا کہ بچوں میں غذائی قلت جیسے اہم صحت کے مسائل پر ہونے والی تحقیقات سائنسی علم میں اضافے کے ساتھ ساتھ صحت کے شعبے میں شواہد پر مبنی پالیسی سازی کے لیے بھی معاون ثابت ہوتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بچوں کی غذائی ضروریات صحت اور نشوونما سے متعلق تحقیقی کام معاشرے کے کمزور طبقات کی صحت بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے، اس لیے تعلیمی اداروں کو ایسی عملی اور معاشرتی اہمیت رکھنے والی تحقیق کی بھرپور حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔
اس موقع پر فیکلٹی ممبران، محققین اور دیگر شرکاء نے ماہ نور کلیم اور ان کی سپروائزر ڈاکٹر ذہین انجم کو تحقیقی مقالے کی کامیاب تکمیل پر مبارکباد دی اور ماہ نور کلیم کے مستقبل کے علمی اور پیشہ ورانہ سفر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا







