خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں 17 اگست سے جاری تیز بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ سامنے آنے لگی ہے، پی ڈی ایم اے کے مطابق خیبرپختونخوا میں بارشوں کے دوران گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے 2 افراد جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہوئے۔ پی ڈی ایم اے کی 20 اگست 2026 کی نقصانات کی رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں ایک مرد اور ایک خاتون شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں بھی ایک مرد اور ایک خاتون شامل ہیں۔پی ڈی ایم اے رپورٹ کے مطابق تیز بارشوں کے باعث اب تک 8 گھروں کو نقصان پہنچا ہے، جن میں 5 گھروں کو جزوی جبکہ 3 گھروں کو مکمل نقصان پہنچا اور وہ منہدم ہوگئے۔بارشوں سے ہونے والے یہ حادثات صوبے کے مختلف اضلاع ایبٹ آباد، سوات، بونیر، صوابی اور جنوبی وزیرستان لوئر میں پیش آئے۔رپورٹ کے مطابق ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے باہمی رابطے میں ہیں، جبکہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ بلاوجہ سفر سے گریز کریں اور حساس سیاحتی مقامات کا رخ نہ کریں۔پی ڈی ایم اے کے مطابق ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے۔ شہری کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع، موسمی صورتحال سے آگاہی اور دیگر معلومات کے لیے فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔ضلع صوابی میں موسلادھار بارش کے بعد جہاں دیگر علاقوں میں سیلاب کی صورتحال رہی، رہیں دوبیان بلڑ خوڑ میں سیلابی ریلا ایک شخص بہہ لے گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق پانی میں ڈوبنے والے شخص کی شناخت صوابیدار (ر) محمد شفیق کے نام سے ہوئی ۔ضلع ایبٹ آباد میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا، گرمی کا زور ٹوٹ گیا، جبکہ ماہرین موسمیات نے 21 اگست تک بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔بارش کے باعث ایبٹ آباد کے مضافاتی علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے بارش جاری ہے، جس سے موسم مزید دلکش ہوگیا ہے۔ایبٹ آباد کے پہاڑی اور سیاحتی مقامات پر بارش کے ساتھ دھند نے بھی ڈیرے ڈال لیے ہیں، جس کے باعث پہاڑی علاقوں کے قدرتی مناظر مزید حسین ہوگئے۔ بارش اور ٹھنڈی ہواں کے باعث گرمی کا زور ٹوٹنے پر شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ 21 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے، مسلسل بارش کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔متعلقہ اداروں نے شہریوں اور سیاحوں کو لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے والے مقامات پر گاڑیاں پارک نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور پہاڑی علاقوں کا رخ کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں







