چین اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر یونیورسٹی آف سرگودھا کے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کے میزبان ڈائریکٹر ڈاکٹر طاہر ممتاز اعوان کی قیادت میں 10 سے زائد اساتذہ اور طلبہ کے وفد نے صوبہ ہینان کے شہر لوویانگ میں ایک روزہ ثقافتی تقریب میں شرکت کی۔تقریب کا انعقاد ہیروباس ٹیکنالوجی (چین پاکستان اقتصادی و ثقافتی تبادلہ مرکز)میں کیا گیا، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی روابط اور عوامی سطح پر دوستی کو مزید فروغ دینا تھا۔اس موقع پر ہزاروں سال پرانے ہیلو خطے کا ذائقہ، چین پاکستان دوستی کا جشن کے عنوان سے مختلف ثقافتی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا، جن میں ہینان اوپیرا، روایتی چینی ڈمپلنگ کی تیاری، چینی خطاطی، میوزیم کا دورہ اور تاریخی مقامات کی سیر شامل تھی۔تقریب کے دوران ہینان اوپیرا کے فنکاروں نے معروف کلاسیکی ڈراموں کے اقتباسات پیش کیے، جنہیں پاکستانی طلبہ نے خصوصی دلچسپی سے دیکھا۔ مقامی فنکاروں نے طلبہ کو روایتی چینی اوپیرا کے مختلف انداز اور حرکات بھی سکھائیں۔وفد نے لوویانگ میوزیم کا دورہ بھی کیا، جہاں شاہراہِ ریشم سے متعلق تاریخی نوادرات، تانگ دور کے وسطی ایشیائی تاجروں کے مجسمے، مشرقی رومی سلطنت کے سونے کے سکے اور فارسی چاندی کے برتن دیکھے۔

ڈاکٹر طاہر ممتاز اعوان نے کہا کہ یہ تاریخی نوادرات چین اور پاکستان کے درمیان قدیم تجارتی اور ثقافتی روابط کی عکاسی کرتے ہیں،وفد کو لوویانگ کے قدیم ثقافتی ورثے اور لوویانگ اسپید کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا، جو قدیم دور میں آثارِ قدیمہ کی تلاش کے لیے استعمال ہونے والے آلے سے ترقی کرتے ہوئے جدید تعمیراتی شعبے تک پہنچا ہے،شام کے وقت پاکستانی وفد نے روایتی چینی ہان فو لباس زیب تن کرکے لوئی قدیم شہر کی سیر کی۔ روشن وین فینگ پگوڈا کے اوپر ڈرونز کی مختلف اشکال نے تقریب کو مزید دیدہ زیب بنا دیا، جس میں چینی ثقافت، تاریخی ورثے اور جدید ٹیکنالوجی کا خوبصورت امتزاج نمایاں ہوا۔ہیروباس ٹیکنالوجی کی جانب سے آئندہ بھی دونوں ممالک کے نوجوانوں کے مطالعاتی دوروں، ثقافتی نمائشوں اور مختلف ثقافتی پروگراموں کے انعقاد کا اعلان کیا گیا۔اس موقع پر ڈاکٹر طاہر ممتاز اعوان نے کہا کہ کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ پاکستانی طلبہ کی چین میں عملی تربیت کے لیے لوویانگ کو ایک اہم مرکز بنانے کا ارادہ رکھتا ہے، تاکہ زیادہ سے زیادہ پاکستانی نوجوان چین کا دورہ کریں، چینی ثقافت کو قریب سے سمجھیں اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی کو مزید مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔







