خیبرپختونخوا میں گزشتہ دو ماہ کے دوران آپریشن11گرج کے تحت سکیورٹی فورسز نے موثر انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں میں متعدد دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ ان کے متعدد ٹھکانے تباہ کر دیے گئے۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے متعدد سہولت کاروں کو گرفتار کیا گیا، جبکہ بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر جنگی سامان بھی برآمد کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلع باجوڑکے علاقے شاکرومیں انٹیلی جنس اطلاعات پر کی گئی کارروائی میں سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانوں کو موثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں متعدد دہشت گردوں کے ہلاک اور زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔سکیورٹی فورسز نے آپریشن 11گرج کے دوران دہشت گردوں کے زیرِ استعمال دیسی ساختہ بم بھی ناکارہ بنا دیے۔زمینی فورسز اور کواڈ کاپٹرز کی مدد سے جاری کارروائیوں کے باعث دہشت گردوں کو مقامی آبادی چھوڑ کر فرار ہونے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق تمام آپریشنز کے دوران شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے تاکہ مقامی آبادی کو کسی قسم کا نقصان نہ پہنچے۔ذرائع نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور خیبرپختونخوا میں پائیدار امن کے قیام تک بلا تعطل کارروائیاں جاری رکھیں گی۔







