شانگلہ (آفتاب حسین)
ڈپٹی کمشنر شانگلہ محمد عبداللہ شاہ نے کہا ہے کہ نوجوانوں کا روشن مستقبل معیاری تعلیم، فنی مہارت، مؤثر کیریئر پلاننگ اور بہترین کردار سازی سے وابستہ ہیں جبکہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم ہی انہیں باوقار روزگار اور ملکی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنا سکتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر شانگلہ محمد عبداللہ شاہ نے گزشتہ روز ڈسٹرکٹ جرگہ ہال الپوری میں نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈیولپمنٹ (این سی ایچ ڈی) ضلع شانگلہ کے زیر اہتمام اے ایل پی مڈل ٹیک پروگرام کی اختتامی تقریب اور کیریئر کونسلنگ و آگاہی سیمینار سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرشانگلہ محمد اورنگزیب، پرنسپل گورنمنٹ سنٹینیل ماڈل ہائی سکول الپوری سعید الحسین، صدر شانگلہ بار ایسوسی ایشن سلیمان شاہ ایڈوکیٹ، سابق تحصیل ناظم طائف خان، تحصیلدار الپوری سکندر زمان، این سی ایچ ڈی شانگلہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر فضل محمد، فیلڈ آفیسر محمد اسلم، میڈیا نمائندگان، معززین علاقہ، مدارس کے مہتممین، اساتذہ اور طلبہ نے شرکت کی۔تقریب کا آغاز تلاوت کلامِ پاک، نعت رسول مقبول ﷺ اور قومی ترانے سے ہوا جبکہ طلبہ نے تقاریر اور ملی نغمہ پیش کرکے حاضرین سے داد وصول کی۔ بعد ازاں کیریئر کونسلنگ و آگاہی سیمینار سے مختلف مقررین نے خطاب کرتے ہوئے نوجوان نسل کے لیے معیاری تعلیم، فنی تربیت اور کیریئر رہنمائی کی اہمیت اجاگر کی۔ڈپٹی کمشنر محمد عبداللہ شاہ نے کہا کہ این سی ایچ ڈی کا اے ایل پی مڈل ٹیک پروگرام نوجوانوں کو تعلیم کے ساتھ فنی مہارتوں سے آراستہ کرنے کی ایک مؤثر کوشش ہے۔ انھوں نے پروگرام کی کامیاب تکمیل پر این سی ایچ ڈی، محکمہ تعلیم، مدارس کے مہتممین، اساتذہ اور دیگر شراکت دار اداروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ مستقبل میں بھی ایسے تعلیمی اور ہنرمندی کے پروگراموں کی بھرپور حوصلہ افزائی کرے گی۔تقریب کے اختتام پر پروگرام سے وابستہ اساتذہ میں اسناد تقسیم کی گئیں جبکہ سات مدارس کے مہتممین کو اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں۔ پروگرام میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے تین طلبہ اور دو طالبات کو خصوصی شیلڈز سے نوازا گیا۔ ڈپٹی کمشنر محمدعبداللہ شاہ نے پانچوں نمایاں طلبہ و طالبات کے لیے فی کس پانچ ہزار روپے نقد انعام بھی دیا، یوں مجموعی طور پر پچیس ہزار روپے کے انعامات تقسیم کیے گئے۔ بعد ازاں شرکاء کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا گیا۔







