مراعات پر تنازعہ’ حکومت اور اسمبلی سیکرٹریٹ آمنے سامنے

خیبرپختونخوا اسمبلی مراعات قانون پر تنازع شدت اختیار کر گیا، متنازعہ شقوں کی شمولیت پر مختلف موقف سامنے آگئے، متنازع شقوں کی شمولیت کے معاملے پر صوبائی حکومت اور اسمبلی سیکرٹریٹ کے درمیان ذمہ داری کے تعین پر اختلافات سامنے آ گئے ہیں۔قانون میں شامل بعض شقوں پر سیاسی اور عوامی حلقوں میں بحث جاری ہے، جبکہ اب ان شقوں کی منظوری کے طریقہ کار پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔صوبائی وزیر اطلاعات شفیع جان کا کہنا ہے کہ صوبائی کابینہ سے منظور ہونے والے ابتدائی مسودے میں متنازع شقیں موجود نہیں تھیں۔ان کے مطابق یہ شقیں بعد میں صوبائی اسمبلی کی کارروائی کے دوران شامل کی گئیں، اس لیے کابینہ کو ان متنازع نکات کا ذمہ دار قرار دینا درست نہیں۔دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ اسمبلی کارروائی کے دوران صرف بلیو پاسپورٹ سے متعلق ایک شق شامل کی گئی تھی، جبکہ صحافیوں پر پابندی سے متعلق شق، جرمانوں کی شق، قید کی سزا سے متعلق شق اور دیگر متنازع دفعات پہلے ہی کابینہ کے سامنے پیش کیے گئے مسودے میں شامل تھیں اور انہیں کابینہ سے باقاعدہ منظوری بھی حاصل تھی۔ذرائع کے مطابق مجوزہ قانون پر کئی ماہ تک خیبرپختونخوا اسمبلی کی استحقاق کمیٹی میں تفصیلی مشاورت کی گئی۔ کمیٹی کی سربراہی ڈپٹی سپیکر ثریا بی بی نے کی، جبکہ وزیر قانون آفتاب عالم بطور رکن اجلاسوں میں شریک رہے۔اس کے علاوہ مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی نے بھی بل کی شق وار جانچ پڑتال کی۔ذرائع کے مطابق استحقاق کمیٹی کے اجلاسوں میں محکمہ قانون کے لیگل ڈرافٹرز اور ایڈووکیٹ جنرل آفس کے نمائندے بھی شریک ہوتے رہے، جہاں تمام شقوں پر تفصیلی قانونی بحث کی گئی۔بعد ازاں مسودہ محکمہ قانون کو بھجوایا گیا، جہاں سے منظوری کے بعد اسے صوبائی کابینہ کے سامنے پیش کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق محکمہ قانون کی منظوری کے بعد بل صوبائی کابینہ نے منظور کیا، جس کے بعد اسے خیبرپختونخوا اسمبلی میں پیش کیا گیا اور ایوان سے بھی منظوری حاصل کر لی گئی۔متنازع شقوں کے معاملے پر اب مختلف سرکاری مقف سامنے آنے سے قانون کی تیاری اور منظوری کے عمل پر نئی بحث چھڑ گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed