خیبر پختونخوا کمیشن آن دی اسٹیٹس آف وومن (KPCSW) کے ایک وفد نے چیئرپرسن ڈاکٹر سمیرا شمس کی قیادت میں سنٹرل پولیس آفس پشاور میں انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا سے ملاقات کی۔ وفد میں ڈائریکٹر پروگرامز مس آمنہ درانی اور ایڈمن آفیسر ایمل رشید شامل تھے۔ملاقات کے دوران خیبر پختونخوا کمیشن آن دی اسٹیٹس آف وومن اور ڈسٹرکٹ کمیٹیز آن دی اسٹیٹس آف وومن (DCSWs) کے مینڈیٹ، کارکردگی اور خواتین کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وفد نے خواتین کے خلاف جرائم کی روک تھام، متاثرہ خواتین کو قانونی و سماجی معاونت کی فراہمی اور ادارہ جاتی روابط کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔اجلاس میں خواتین کے خلاف تشدد Against Women) Violence ) کے مقدمات پر خصوصی غور کیا گیا۔ اس موقع پر خواتین کو درپیش چیلنجز، مقدمات کی بروقت تفتیش، قانونی معاونت اور متاثرین کے لیے محفوظ اور مؤثر نظام کی فراہمی پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وفد نے خواتین سے متعلق کیسز میں پولیس اور کمیشن کے درمیان معلومات کے تبادلے اور مشترکہ رابطہ کاری کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ کمیٹیز آن دی اسٹیٹس آف وومن کے لیے فوکل پرسنز کی نامزدگی کے حوالے سے بھی تفصیلی مشاورت کی گئی تاکہ خواتین سے متعلق مسائل، شکایات اور مقدمات کی نگرانی اور ان کے حل کے لیے ایک مؤثر اور مربوط میکنزم قائم کیا جا سکے۔اس موقع پر آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کا تحفظ، ان کے وقار کا دفاع اور انصاف تک بلاامتیاز رسائی پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے خلاف جرائم کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے اور ایسے مقدمات میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔آئی جی خیبر پختونخوا نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس خواتین کے تحفظ، صنفی مساوات کے فروغ اور خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خواتین سے متعلق مقدمات کی مؤثر پیروی، فوری رسپانس اور انصاف کی فراہمی کے لیے پولیس کے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔اس مقصد کے لیے پہلے بھی صوبے میں خواتین پولیس افسران و اہلکاران کو خصوصی تربیت سے آراستہ کیا گیا ہے اور آئندہ بھی یہ عمل جاری رہے گا۔وفد نے خواتین کے حقوق کے تحفظ اور ویمن سیفٹی کے لیے خیبر پختونخوا پولیس کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ باہمی تعاون کے ذریعے خواتین کے لیے مزید محفوظ، بااختیار اور باوقار معاشرے کے قیام کے مشترکہ اہداف حاصل کیے جا سکیں گے اور خواتین کے تحفظ، انصاف کی فراہمی اور صنفی بنیادوں پر تشدد کے خاتمے کے لیے مشترکہ کاوشوں کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ایڈیشنل آئی جی پی انٹرنل اکائونٹی بیلیٹی ڈاکٹر محمد اختر عباس اور اے آئی جی جینڈر انیلہ ناز بھی اس موقع پر موجودتھیں۔







