وفاقی حکومت نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کیلئے مختص رقم میں سترہ فیصد اضافہ کر نے کااعلان کیا ہے اور آئندہ مالی سال کیلئے بجٹ میں بی آئی ایس پی کیلئے 838 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی ہے ۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں بجٹ پیش کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اورنگزیب نے کہا کہ آئندہ مالی سال بی آئی ایس پی کے لیے 838 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے، بی آئی ایس پی کے لیے یہ رقم پچھلے سال کے مقابلے میں17فیصد زیادہ ہے۔انہوں نے کہا کہ جاری اخراجات سے آزاد کشمیر کے لیے 146ارب روپے، گلگت بلتستان کے لیے 88 ارب دیے جائیں گے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ کفالت پروگرام کو ایک کروڑ 20 لاکھ خاندانوں تک بڑھایا جائے گا جبکہ تعلیمی وظائف کو مزید وسعت دی جائے گی تاکہ تقریباً 92لاکھ بچوں کو فائدہ پہنچایا جاسکے ۔







