کاٹلنگ! متہ میں راستے کے تنازعہ پر ہونے والی زبانی تکرار خونریز تصادم میں تبدیل ہوگئی، جس کے نتیجے میں 22 سالہ نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق محمد رفیق اور محمد الیاس، ساکنان متہ ، کے درمیان راستے کے تنازعہ پر پہلے تلخ کلامی ہوئی جو بعد ازاں ہاتھا پائی اور مار پیٹ تک جا پہنچی۔ اسی دوران مبینہ طور پر محمد الیاس نے پستول نکال کر فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے نتیجے میں یاسر ولد محمد اجمل گولی لگنے سے موقع پر جاں بحق ہوگیا، جبکہ دیگر افراد معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔ واقعے کے بعد مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے کاٹلنگ ٹائپ ڈی ہسپتال منتقل کردی گئی۔ پولیس کے مطابق مقتول کے بھائی محمد رفیق ولد اجمل کی مدعیت میں تھانہ بائیزئی میں مبینہ ملزمان محمد الیاس، میر اکبر پسران یوسف زئی، کاشف ولد گلاب زیب، امان خان ولد محمد اللہ اور امتیاز ولد شیرزے، ساکنان متہ، کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔







