خیبر پختونخوا کے ضلع سوات کی تحصیل کبل کے علاقے سیگرام میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پاکستان مسلم لیگ ن کے مقامی رہنما اور امن کمیٹی کے سابق سربراہ حاجی صدرے جاں بحق ہو گئے، جبکہ ان کے ساتھ موجود چچا زاد فرید خان زخمی ہو گئے ۔پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب حاجی صدرے علاقے سیگرام میں موجود تھے کہ نامعلوم مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں حاجی صدرے کو شدید زخم آئے اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ ان کے چچا زاد فرید خان زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیئے۔ پولیس حکام کے مطابق حملہ آور فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، تاہم ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔پولیس نے مقتول کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا، جبکہ زخمی فرید خان کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔ ابتدائی طور پر فائرنگ کے محرکات سامنے نہیں آ سکے، تاہم پولیس نے واقعے کی مختلف پہلوں سے تفتیش شروع کر دی ہے۔حاجی صدرے کا شمار علاقے کی بااثر سیاسی و سماجی شخصیات میں ہوتا تھا۔ وہ پاکستان مسلم لیگ ن سے وابستہ تھے اور ماضی میں امن کمیٹی کے سربراہ کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے تھے۔







