صدر مملکت آصف علی زرداری نے معروف چینی ماہر امراض قلب پروفیسر پان ژیانگ بن کو ستارہ پاکستان سے نوازادیا۔جاری بیان کے مطابق چین کے صوبہ ہونان کے شہر چانگشا میں ایک خصوصی تقریب اعزاز کا انعقاد کیا گیا ۔جس میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے معروف چینی ماہر امراض قلب پروفیسر پان ژیانگ بن کو ستارہ پاکستان سے نوازا۔ یہ اعزاز انہیں شعبہ امراض قلب میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔پروفیسر پان ژیانگ بن ایک ممتاز انٹروینشنل کارڈیالوجسٹ اور کارڈیک سرجن ہیں جنہوں نے پاکستان میں مریضوں کو علاج معالجے کی جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے قابل قدر خدمات انجام دی ہیں۔ وہ فو وائی ہسپتال، چائنیز اکیڈمی آف میڈیکل سائنسز کے نائب صدر ہیں اور نیشنل انٹروینشنل کوالٹی کنٹرول سینٹر برائے اسٹرکچرل ہارٹ ڈیزیز کے ڈائریکٹر کے طور پر بھی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔پروفیسر پان ژیانگ بن کو عالمی سطح پر ایک مستند ماہر کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے اور جدید تشخیصی و علاجی ٹیکنالوجیز کی ترقی میں ان کا قائدانہ کردار ہے۔ ان کے نام متعدد بین الاقوامی سطح کی طبی ایجادات کے پیٹنٹس بھی موجود ہیں۔ انہوں نے الٹراساؤنڈ کی مدد سے بغیر سرجری کے، شعاعوں کے اثرات کے ذریعے علاج کے جدید طریقہ کار متعارف کرائے۔انہوں نے جنوری 2025میں پاکستان کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اپنی ٹیم کے ہمراہ پیدائشی دل کے امراض میں مبتلا بچوں کا کامیاب علاج کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے پاکستانی طبی ماہرین کو جدید انٹروینشنل تکنیکوں کی خصوصی تربیت بھی فراہم کی۔صدر آصف علی زرداری نے اس موقع پر کہا کہ پروفیسر پان ژیانگ بن کی کاوشوں سے پاکستان کے شعبہ صحت کی استعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ خدمات پاک چین تعاون کے عملی فوائد کی عکاس ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کی مثال ہیں۔تقریب میں سینیٹر سلیم مانڈوی والا، سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن، چیف سیکرٹری سندھ علی حسن باروہی، وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری و پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ منصوبہ جات قاسم نوید قمر، پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زیڈ ونگ اور چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔







