پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹراشفاق خلیل اور ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن فرحت عباس جنجوعہ نے پاکستان ٹیلی ویژن پشاور سینٹر کا اہم دورہ کیا۔ اس موقع پر جنرل منیجر پشاور سینٹر ابراہیم کمال نے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔دورے کے دوران معزز مہمانوں نے پشاور سینٹر کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا اور وہاں جاری پیشہ ورانہ سرگرمیوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ جنرل منیجر ابراہیم کمال نے ادارے کی مجموعی کارکردگی، جاری پروگرامز، اور مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے جامع بریفنگ پیش کی۔منیجنگ ڈائریکٹر اشفاق خلیل نے پشاور سینٹر میں تیار کیے جانے والے پروگرامز کے معیار کو سراہتے ہوئے اسے قابلِ تحسین قرار دیا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ اردو کے مقبول اور معیاری ڈراموں کو پشتو زبان میں ڈب کر کے ناظرین تک پہنچایا جائے تاکہ علاقائی سطح پر معیاری تفریح اور ثقافتی ہم آہنگی کو مزید فروغ دیا جا سکے۔ مزید برآں، انہوں نے پشتو زبان میں ایک میگا ڈرامہ سیریل کی تیاری پر زور دیا، جو نہ صرف مقامی ثقافت کی عکاسی کرے بلکہ قومی سطح پر بھی نمایاں مقام حاصل کرے۔اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن فرحت عباس جنجوعہ نے بھی پشاور سینٹر کی کارکردگی کو سراہا اور ادارے کی ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔اشفاق خلیل نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ٹیلی ویژن قومی ثقافت، زبانوں اور روایات کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، اور پشاور سینٹر اس حوالے سے ایک مضبوط اور متحرک اکائی کے طور پر ابھر رہا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ادارے کی بہتری، جدید خطوط پر استواری، اور علاقائی مواد کے فروغ کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔جنرل منیجر ابراہیم کمال نے معزز مہمانوں کی آمد کو پشاور سینٹر کیلئے باعثِ اعزاز قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ادارہ مستقبل میں بھی اعلی معیار کے پروگرامز کی تیاری، جدید تقاضوں سے ہم آہنگی، اور ناظرین کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گا۔یہ دورہ پاکستان ٹیلی ویژن پشاور سینٹر کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے اعتراف اور مستقبل میں مزید بہتری و ترقی کے لیے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔







