پشاور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن نے پنجاب حکومت اورپنجاب پولیس کیجانب سے وزیراعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی ، صوبائی وزیر اور منتخب عوامی نمائندوں کے ساتھ توہین آمیز سلوک اور رویئے کی مذمت کرتے ہوئے اسے جمہوری اقدار اور آئین پاکستان کی مختلف شقوں کے خلاف قراردیاہے اور کہاہے کہ اس طرزعمل سے صوبوں کے درمیان نفرت وبداعتمادی کی فضاقائم ہوگی ،گزشتہ روز بارصدر قیصرزمان ایڈوکیٹ کی زیرصدارت اجلاس میں جنرل سیکرٹری زاہد اللہ زاہد ایڈوکیٹ ودیگر ممبران نے شرکت کی۔اجلاس کو بتایاگیاکہ وزیراعلی خیبرپختونخوا کی پنجاب آمد پر پہلے سے ایک منصوبہ بندی کے تحت راستوں پر رکاوٹیں کھڑی کی گئی تھیں اور بعدازاں منتخب وزیراعلی اور عوامی نمائندوں کی سرعام بے عزتی کی گئی جو نہ صرف جمہوری اقدار بلکہ آئین کے آرٹیکل 15,16اور25کے خلاف ہے۔ منتخب نمائندے کسی صوبے کے نہیں بلکہ پورے ملک کے نمائندے ہوتے ہیں جن کی تذلیل دراصل عوام کے ووٹ اور آئینی نظام کی تذلیل ہے ۔یہ بات تشویشناک ہے کہ اس طرز عمل کے ذریعے صوبوں کے درمیان نفرت، تعصب اور بداعتمادی کی فضاکو ہوا دی گئی جس کی تمام تر اخلاقی ، قانونی و سیاسی ذمہ د اری پنجاب حکومت پر عائد ہوتی ہے ۔ پنجاب حکومت اور پولیس کا یہ طرز عمل دراصل عوام کے ووٹ کی توہین ہے اس رویئے پر فوری نوٹس نہ لیا گیا تو یہ عمل وفاقی ہم آہنگی کیلئے سنگین خطرات پیدا کرسکتا ہے جس کی تمام تر ذمہ داری پنجاب حکومت پر عائد ہوتی ہے







