ان لینڈ ریونیو سروس کے گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے افسران کی ٹیکس قوانین اور قانونی کارروائیوں سے متعلق پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا جائزہ لینے کے لیے لیے گئے امتحان کے چونکا دینے والے نتائج سامنے آئے۔اس امتحان میں سیلز ٹیکس کے 150 اور انکم ٹیکس کے 143 افسران نے حصہ لیا، جن میں سے درجنوں افسران مطلوبہ معیار پر پورا اترنے میں ناکام رہے، جبکہ جائزہ رپورٹ میں 534.9 ملین (53 کروڑ 49 لاکھ) روپے کی قابلِ پیمائش ٹیکس غلطیوں کی بھی نشاندہی کی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق سیلز ٹیکس کے امتحان میں افسران کے اوسط نمبر محض 26.4 فیصد رہے اور کوئی بھی افسر 60 فیصد نمبر حاصل نہ کر سکا، جبکہ 47 افسران 20 فیصد سے بھی کم نمبر لے سکے۔دوسری جانب انکم ٹیکس میں اوسط کارکردگی 33.3 فیصد ریکارڈ کی گئی، جہاں صرف 4 افسران 60 فیصد یا اس سے زائد نمبر حاصل کر پائے اور 16 افسران 20 فیصد سے کم نمبر حاصل کر سکے۔جائزہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سیلز ٹیکس کے 150 میں سے صرف 15 افسران اپنے دستخط سے قانونی طور پر درست ٹیکس آرڈر جاری کرنے کے قابل قرار پائے، جبکہ انکم ٹیکس میں صرف 14 افسران خود ٹیکس کیسز کے فیصلے کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔مجموعی طور پر 139 افسران میں سے محض 4 افسران ایسے نکلے جو دونوں شعبوں میں خود قانونی فیصلے کرنے کے اہل ہیں۔دوسرے افسران کے تیار کردہ ٹیکس آرڈرز کی مثر قانونی جانچ اور غلطیوں کی نشاندہی کے حوالے سے سیلز ٹیکس میں صرف 21 اور انکم ٹیکس میں صرف 28 افسران قابل قرار پائے، جبکہ دونوں ٹیکسوں میں محض 8 افسران ہی مثر جانچ کی صلاحیت رکھتے ہیں۔تشویشناک امر یہ ہے کہ سیلز ٹیکس کے 56 کمشنرز اور ایڈیشنل کمشنرز میں سے صرف 4، جبکہ انکم ٹیکس کے 53 کمشنرز اور ایڈیشنل کمشنرز میں سے محض 6 افسران مثر ویٹنگ کی صلاحیت رکھتے ہیں۔رپورٹ میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ 139 افسران میں سے 31 افسران دونوں ٹیکسوں میں صرف ڈیسک کی سطح یا اس سے بھی کم صلاحیت رکھتے ہیں، جبکہ 14 افسران ایسے پائے گئے جنہیں مکمل تربیت دیے بغیر کسی قسم کا کیس ورک نہیں دینا چاہیے۔







