ڈاکٹر لیاقت علی نے عالمی کانفرنس میں بہترین تحقیقی مقالے کا ایوارڈ جیت لیا

خیبر پختونخوا کے  معروف یورولوجسٹ، معالج، محقق اور طبی ماہر تعلیم پروفیسر ڈاکٹر لیاقت علی نے اٹلی کے شہر فلورنس میں منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس ایس آئی یو میں بہترین تحقیقی مقالے کا ایوارڈ حاصل کر لیا۔انہیں یہ اعزاز ان کے تحقیقی مقالے ’’ناول اسٹرا الٹرا منی پی سی این ایل: مالی وسائل کی کمی کے شکار ماحول میں اینڈویورولوجی کے شعبے میں جدت‘‘ پر دیا گیا۔ ان کی تحقیق میں یورولوجی کے جدید طریقہ علاج کو کم لاگت اور موثر انداز میں متعارف کرانے کے ایک منفرد طریقہ کار کو اجاگر کیا گیا ہے، جو بالخصوص محدود طبی وسائل رکھنے والے ممالک کے لئے اہمیت کا حامل ہے۔یہ ایوارڈ انہیں تحقیقی مقالے کی بہترین پیشکش کے اعتراف میں سیشن کے چیئرپرسن پروفیسر ڈاکٹر لازریک نے پیش کیا۔پروفیسر ڈاکٹر لیاقت علی نے کانفرنس کے دوران تین تحقیقی مقالے پیش کئے، جبکہ ایک سیشن کی صدارت اور ایک سیشن کی نظامت کے فرائض بھی سر انجام دیئے۔واضح رہے کہ یہ کامیابی بین الاقوامی طبی تحقیق کے میدان میں پاکستان کی علمی و تحقیقی صلاحیتوں کا اعتراف ہے جبکہ ملک کے طبی ماہرین کی پیشہ ورانہ قابلیت اور تحقیقی استعداد کی عکاسی کرتی ہے۔پروفیسر ڈاکٹر لیاقت علی کی یہ بین الاقوامی کامیابی انسٹیٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیزز/ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس/خیبر میڈیکل کالج کے لئے بھی باعث اعزاز ہے۔ ان کی تحقیق اس امر کو نمایاں کرتی ہے کہ مقامی سطح پر طبی جدت اور تحقیق کے ذریعے محدود وسائل کے باوجود صحت کے شعبے میں درپیش چیلنجز کا موثر حل تلاش کیا جا سکتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed