پشاور میں کیپٹل سٹی پولیس نے افسرانِ بالا کی خصوصی ہدایات پر سنگین مقدمات میں مطلوب اشتہاری مجرمان اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ اس سلسلے میں ایس پی صدر ڈویژن فدا حسین کی ہدایت پر ڈی ایس پی بڈھ بیر سرکل سعید الرحمٰن کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ بڈھ بیر ملنگ جان نے دیگر پولیس نفری کے ہمراہ کامیاب کارروائی انجام دی۔
پولیس کے مطابق خفیہ اطلاع ملنے پر تھانہ بڈھ بیر کی حدود میں نہایت حکمتِ عملی کے تحت چھاپہ مارا گیا، جس کے نتیجے میں سنگین مقدمات میں مطلوب اشتہاری مجرم یار حسین ولد عزیر خان ساکن احمد خیل بڈھ بیر کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار اشتہاری مجرم قتل اور اقدامِ قتل سمیت دیگر سنگین نوعیت کے مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔ ملزم کو حوالات منتقل کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔







