(ویب ڈیسک) بالی ووڈ اداکار تشار کپور کو فون کال کے ذریعے 5 کروڑ بھارتی روپے بھتے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ کال کرنے والے شخص نے مبینہ طور پر خود کو لارنس بشنوئی گینگ کا رکن ظاہر کیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق تشار کپور نے دھمکی آمیز کال موصول ہونے کے بعد فوری طور پر ممبئی پولیس کو آگاہ کیا، جس کے بعد معاملے کی تحقیقات اینٹی ایکسٹورشن سیل اور کرائم برانچ کے سپرد کردی گئیں۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ فون کرنے والے شخص نے اپنا تعارف ہیری باکسر کے نام سے کرایا، جسے مبینہ طور پر لارنس بشنوئی گینگ کا رکن بتایا جاتا ہے۔
تاہم ممبئی کرائم برانچ کی ابتدائی تحقیقات میں کال کرنے والے شخص کے دعوے پر شکوک و شبہات سامنے آئے ہیں۔
تحقیقات کے دوران کرائم برانچ کی تکنیکی ٹیم نے دھمکی آمیز کال کی آڈیو ریکارڈنگ کا جائزہ لیا اور اسے اپنے ڈیٹا بیس میں موجود ہیری باکسر کے مستند آواز کے نمونوں سے ملایا۔
پولیس کے اعلیٰ حکام کے مطابق دونوں آوازوں میں مماثلت نہیں پائی گئی، جس کے بعد یہ شبہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ نامعلوم شخص نے بھتہ وصول کرنے اور اداکار کو خوف زدہ کرنے کے لیے لارنس بشنوئی گینگ کے مبینہ رکن کا نام استعمال کیا۔
ممبئی کرائم برانچ اب کال کرنے والے شخص کی اصل شناخت اور اس کے رابطے کے مقام کا سراغ لگانے میں مصروف ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق تشار کپور نے تقریباً ایک ہفتہ قبل اس معاملے کی شکایت درج کرائی تھی، تاہم تاحال مقدمے کی ایف آئی آر درج نہیں کی گئی۔
واضح رہے کہ یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب چند ہفتے قبل بالی ووڈ اداکار ٹائیگر شروف کو بھی ممبئی میں فائرنگ کے ایک واقعے میں نشانہ بنایا گیا تھا۔ اس واقعے کی ذمہ داری مبینہ طور پر لارنس بشنوئی گینگ سے وابستہ افراد نے قبول کی تھی۔







