(اسپورٹس ڈیسک) سعودی عرب میں سیکیورٹی صورتحال اور خطے میں غیر معمولی حالات کے باعث ایشین فٹبال کپ 2027 ملتوی کردیا گیا ہے، جس کے بعد ٹورنامنٹ کے نئے شیڈول کا اعلان کردیا گیا۔
ایشین فٹبال کنفیڈریشن (اے ایف سی) کے مطابق ایونٹ پہلے 7 جنوری سے 5 فروری 2027 تک منعقد ہونا تھا، تاہم اب اسے 23 دسمبر 2027 سے 21 جنوری 2028 تک کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اے ایف سی کا کہنا ہے کہ خطے میں حالیہ پیش رفت، سفری مشکلات اور انتظامی و لاجسٹک مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹورنامنٹ کی نئی تاریخیں مقرر کی گئی ہیں۔
کنفیڈریشن کے مطابق ایونٹ کے نئے شیڈول کو منظوری کے لیے عالمی فٹبال کی تنظیم فیفا کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
رپورٹس کے مطابق اکتوبر میں یمن کے حوثی گروپ کی جانب سے میزائل حملے میں ریاض کے ہوائی اڈے کو نشانہ بنایا گیا تھا، جس کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک اور 300 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔
دوسری جانب سعودی عرب میں سکس کنگز سلیم ٹینس ایونٹ سمیت دیگر تقریبات بھی منسوخ کی جاچکی ہیں۔







