(ویب ڈیسک) عمان کے ساحل کے قریب بھارتی پرچم بردار کارگو جہاز کو نامعلوم فضائی شے سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ایک بھارتی ملاح ہلاک جبکہ عملے کے دیگر 13 ارکان کو بحفاظت بچالیا گیا۔
بھارتی حکام کے مطابق حملے کا نشانہ بننے والے کارگو جہاز کی شناخت ایم ایس وی ال جُسُفی کے نام سے ہوئی ہے، جس پر مجموعی طور پر 14 بھارتی ملاح سوار تھے۔
حکام نے بتایا کہ واقعے میں ہلاک ہونے والے ملاح کا نام گندھر نعیم عجیز تھا، جس کا تعلق بھارتی ریاست گجرات سے تھا۔ وہ حملے کے دوران زخمی ہوا تھا، تاہم جانبر نہ ہوسکا۔
واقعے کے بعد عمانی کوسٹ گارڈ نے امدادی کارروائی کرتے ہوئے جہاز پر موجود باقی 13 افراد کو بحفاظت ریسکیو کرلیا۔
بھارتی وزیر برائے جہاز رانی سربانند سونووال نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی وزارت اور عمان میں قائم بھارتی سفارت خانہ مقامی حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
ان کے مطابق متاثرہ افراد کی مدد اور ان کی بحفاظت وطن واپسی کے انتظامات کیے جارہے ہیں۔
تاحال حملے کی نوعیت کے حوالے سے صورتحال واضح نہیں ہوسکی۔ حکام یہ تعین نہیں کرسکے کہ جہاز کو نشانہ بنانے والی فضائی شے ڈرون تھی یا میزائل۔ اس کے علاوہ حملے کے ذمہ دار فریق کی بھی سرکاری طور پر شناخت نہیں کی گئی۔







