پشاور: گورنر خیبرپختونخوا کی مشیر اطلاعات ثمر ہارون بلور نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے مفتی محمود مرکز کی تعمیر کے لیے لیبیا سے مبینہ فراڈ کے ذریعے رقم حاصل کی۔
ایک بیان میں ثمر ہارون بلور نے کہا کہ رنگ روڈ پر واقع مفتی محمود مرکز سے متعلق اہم دستاویزات سامنے آئی ہیں، جن کے مطابق مرکز کی تعمیر میں لیبیا سے حاصل کی گئی رقم استعمال ہوئی، تاہم جائیداد کی ملکیت مولانا فضل الرحمان کے نام پر ظاہر ہو رہی ہے۔
انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ مفتی محمود مرکز کی بیرونی تعمیرات سرکاری رائٹ آف وے کی زمین پر قائم ہیں اور یہ تعمیرات تجاوزات کے زمرے میں آتی ہیں۔
مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ 2019 میں نوٹس جاری کیے جانے کے باوجود مرکز کی مبینہ تجاوزات برقرار رہیں۔ ان کے مطابق مئی 2026 میں بھی مفتی محمود مرکز کی انتظامیہ کو تجاوزات کے حوالے سے نوٹس دیا گیا تھا۔
ثمر ہارون بلور نے مطالبہ کیا کہ سرکاری اراضی واگزار کرانے اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے قانون کا نفاذ یقینی بنایا جائے۔







