پاکستان اور کویت نے علاقائی سمندری امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ کیلئے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کویت نیول فورس کے کمانڈر میجر جنرل سیف عبدالہادی الحامان نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔ ہیڈکوارٹرز آمد پر پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی دی اور گارڈ آف آنر پیش کیا۔
دورے کے دوران کویتی نیول کمانڈر نے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف سے تفصیلی ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت خطے کی بحری سلامتی کی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان پاکستان اور کویت کے مابین بحری تعاون کو مزید تقویت دینے کے مختلف امکانات پر تبادلہ خیال ہوا اور دونوں ممالک نے دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کویت نیول فورس کے کمانڈر کا یہ اہم دورہ دونوں برادر اسلامک ممالک کے درمیان پائیدار اور مضبوط تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔







