نسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے ضلع اورکزئی کا اہم دورہ کیا، جہاں ڈی آئی جی کوہاٹ ریجن شاکر حسین داوڑ اور ڈی پی او اورکزئی شوکت علی نے ان کا استقبال کیا۔ دورے کے دوران ایڈیشنل آئی جی احسن عباس اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی جواد قمر بھی آئی جی پی کے ہمراہ تھے۔ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی، جس کے بعد آئی جی پی نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور شہدائے پولیس کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
آئی جی پی کی زیرِ صدارت کوہاٹ، ہنگو اور اورکزئی کے ڈی پی اوز کا اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں امن و امان کی صورتحال، پولیس کارکردگی، سکیورٹی چیلنجز اور حساس مقامات کی حفاظت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے قبائلی مشران اور ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی (DRC) کے ممبران سے بھی ملاقات کی، جنہوں نے خطے میں امن کے قیام کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی پی ذوالفقار حمید نے اورکزئی کے لیے 2 سے 3 ارب روپے کے خصوصی پیکج، پولیس اہلکاروں کی تنخواہوں میں اضافے اور شہداء کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کے اقدامات کا اعلان کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ لیویز اور خاصہ دار شہداء کے خاندانوں کو بھی اس پیکج میں شامل کیا جائے گا اور شہداء کے بچوں کو پولیس میں ملازمتیں دی جائیں گی۔
دورے کے دوران آئی جی پی نے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا معائنہ کر کے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی ہدایت کی اور زیرِ تعمیر اورکزئی پولیس لائنز کا جائزہ لیتے ہوئے تعمیراتی کاموں کو معیاری اور بروقت مکمل کرنے کے احکامات جاری کیے۔







