پرائیویٹ ایجوکیشن نیٹ ورک (PEN) خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر اور جنرل سیکرٹری طاہر امین نے پشاور کے علاقے دیر کالونی میں نجی اسکول کی چھت گرنے کے المناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے سانحے میں جاں بحق ہونے والے بچوں اور استانی کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہدا کے لیے دعائے مغفرت اور درجات کی بلندی کی دعا کی۔انہوں نے حادثے میں زخمی ہونے والے بچوں اور دیگر افراد کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک انتہائی افسوسناک سانحہ ہے جس نے پوری تعلیمی برادری اور والدین کو غمزدہ کردیا ہے۔پرائیویٹ ایجوکیشن نیٹ ورک کے رہنماؤں نے سوگوار خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہدا کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے، لواحقین کو صبر جمیل دے اور تمام زخمیوں کو جلد مکمل صحت یابی عطا فرمائے۔







