چارسدہ پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران موٹر سائیکل چوری میں ملوث گروہ کو بے نقاب کرتے ہوئے مسروقہ موٹر سائیکلیں برآمد کرلیں، منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی اور اقدامِ قتل کے مقدمے میں مطلوب ملزم کو بھی گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چارسدہ رفعت اللہ خان (PSP) کی خصوصی ہدایات پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں ڈی ایس پی سٹی نگاہ حسین خان کی قیادت میں ایس ایچ او تھانہ سٹی بسم اللہ جان نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے موٹر سائیکل چوری میں ملوث گروہ کے تین ملزمان محمد عمیر ولد نثار احمد، سلیمان ولد عبد الحق اور امجد ولد ثمر گل کو گرفتار کر لیا۔
دورانِ تفتیش ملزمان کی نشاندہی پر چار مسروقہ موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں جبکہ فروخت کی جانے والی مزید دو موٹر سائیکلوں کی رقم ایک لاکھ 20 ہزار روپے بھی بازیاب کر لی گئی۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کرتے ہوئے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔
دوسری کارروائی میں انچارج چوکی سردریاب اعزاز خان نے ایس ایچ او تھانہ سٹی کی نگرانی میں پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے چنگ چی رکشے کے ذریعے منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ پولیس نے ملزم محمد عابد ولد محمد رسول سکنہ بڈھ بیر پشاور کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 3 کلو 645 گرام چرس برآمد کر لی۔
علاوہ ازیں، سٹی پولیس نے ایک الگ کارروائی کے دوران اقدامِ قتل کے مقدمے میں مطلوب ایک ملزم کو بھی گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ جرائم میں ملوث دیگر عناصر کے حوالے سے بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
چارسدہ پولیس کا کہنا ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ، جرائم کی روک تھام اور منشیات کے خاتمے کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔







