تھانہ چمکنی کی حدود بدھائی میں کمسن بچی سے اجتماعی زیادتی کے افسوسناک واقعے کا افسرانِ بالا نے سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی تھیں۔ایس پی رورل ڈویژن صابر گل خان کی نگرانی میں ڈی ایس پی چمکنی سرکل محمد اشفاق خان، ایس ایچ او تھانہ چمکنی فواد خان اور تفتیشی افسران پر مشتمل خصوصی ٹیموں نے جدید سائنسی و تکنیکی بنیادوں پر تفتیش کرتے ہوئے ملزمان کے ممکنہ ٹھکانوں پر شب و روز چھاپہ زنی کی۔مسلسل کارروائی کے نتیجے میں نامزد ملزم اسماعیل ولد ریاض کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ دیگر نامزد ملزمان ابراہیم ولد قدیم اور حمزہ ولد وحید نے بھی عدالت سے رجوع کرتے ہوئے ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کر لی ہے۔واقعہ 20 ستمبر 2026 کو علاقہ بدھائی میں پیش آیا، جس پر متاثرہ بچی کے والد کی مدعیت میں تھانہ چمکنی میں مقدمہ علت 1928 جرم 375A.53CPA درج کرکے تفتیش کا آغاز کیا گیا۔پولیس کی جانب سے مقدمے کی تفتیش میرٹ اور جدید سائنسی و تکنیکی تقاضوں کے مطابق جاری ہے، جبکہ ملوث ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق مزید کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔







