انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ولی محمد خان نے پولیس سٹیشن خزانہ پر دھاوا بولنے اور وہاں پر موجود سامان کو نقصان پہنچانے کے مقدمہ میں نامزد ملزم کو بری کردیا ملزم کی جانب سے سردار حسین ایڈوکیٹ پیش ہوئے۔ استغاثہ کے مطابق ملزم فیضان اللہ پر الزام تھا کہ انہوں نے 19 ستمبر 2024 میں پولیس اسٹیشن خزانہ پر دیگر افراد کے ہمراہ تھانہ پر دھاوا بول دیا کیونکہ وہاں پر مبینہ طور پر توہین رسالت کے ملزم کو گرفتار کرکے رکھا گیا تھا جس کے بعد مشتعل افراد نے تھانے پر حملہ کرکے تھانے کے گیٹ اور سی سی ٹی وی کیمرے بھی توڑ دیئے تھے ۔استغاثہ کے مطابق مشتعل ہجوم اور پولیس کے مابین فائرنگ بھی ہوئی تھی اور اس دوران پولیس اہلکاروں سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے تھے۔ ملزم کو پولیس نے مقدمہ میں براہ راست نامزد کیا تھا ۔ملزم کے وکیل نے عدالت کوبتایا کہ اس کے موکل پر لگائے گئے الزامات میں کوئی صداقت نہیں جبکہ استغاثہ کی جانب سے پیش کئے گئے شواہد میں تضاد ہے عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر ملزم کو بری کردیا۔







