یمن حوثیوں کے فوجی ترجمان یحیی سریع نے دعوی کیا ہے کہ سعودی طیاروں نے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یمن کے تین صوبوں میں 38 فضائی اور میزائل حملے کیے، جن کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت متعدد شہری ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں جبکہ یمن کی سرکاری فوج نے دعوی کیا ہے کہ المخا میں جھڑپوں میں 5 حوثی ہلاک اور13 زخمی ہوگئے ہیں ۔یمنی خبر رساں ادارے سبا کے مطابق یحیی سریع نے ایک مختصر بیان میں کہا کہ سعودی حملے تعز، صعدہ اور حجہ صوبوں میں کیے گئے۔ادارے کے مطابق یمن کے صعدہ گورنریٹ پر سعودی طیاروں نے منگل کو تین فضائی حملے کیے۔ ایک مقامی ذریعے نے بتایا کہ سعودی طیاروں نے سحار ضلع کو تین فضائی حملوں کا نشانہ بنایا۔یحیی سریع کے مطابق ان حملوں میں خمیس مشیط اور طائف کے اڈوں سے اڑنے والے ایف-15 اور ٹائفون طیاروں نے حصہ لیا، جبکہ نجران اور جیزان سے میزائل حملے کیے گئے۔انھوں نے بتایا کہ کشیدگی میں اضافے کے آغاز سے اب تک سعودی حملوں اور میزائل حملوں کی مجموعی تعداد 1123 ہو گئی ہے۔دوسری جانب یمن کی سرکاری فوج نے دعوی کیا ہے کہ حوثی ملیشیا پر حملوں میں 5 حوثی باغی ہلاک اور 13 زخمی ہوئے ہیں۔عرب میڈیا کے مطابق یمنی فوج نے حوثی ملیشیا کے ٹھکانوں پر زمینی اور فضائی حملے جاری ہیں، سرکاری فوج نے تعز، مارب اور الحدیدہ پر ڈرون طیاروں سے بمباری کی۔یمنی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ڈرونز سے الجوف کے علاقے میں حوثیوں کی گاڑیوں اور اجتماعات کو نشانہ بنایا۔گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران حوثی ملیشیا کے خلاف 756 حملے کیے گئے، حملوں کے نتیجے میں 2 ہزار 316 حوثی جنگجوں کو ہلاک یا زخمی کیا۔







