وزیراعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے پشاور بی آر ٹی کی نئی ہائبرڈ بسوں اور خواتین کے لیے پنک بس سروس کا افتتاح کردیا۔ٹرانس پشاور کے مطابق نئی بسوں کی شمولیت سے بی آر ٹی کے فلیٹ میں بسوں کی مجموعی تعداد 244سے بڑھ کر 296 ہوجائے گی۔نئی بسوں سے مسافروں کے انتظار کا دورانیہ کم کرنے اور بی آر ٹی کی آپریشنل کارکردگی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔وزیراعلی سہیل آفریدی نے خواتین کے لیے پنک بس سروس کا بھی افتتاح کیا۔ٹرانس پشاور کے مطابق پنک بس سروس گلبہار چوک سے کارخانو مارکیٹ تک چلائی جائے گی، جس کا روٹ 21 کلومیٹر طویل اور 18 اسٹیشنز پر مشتمل ہوگا۔پنک بس سروس کے لیے 5 بسیں مختص کی گئی ہیں، جو پیر سے جمعہ تک چلیں گی، سروس صبح، دوپہر اور شام کے مصروف اوقات میں فراہم کی جائے گی، جبکہ بسوں کے درمیان تقریبا 15 منٹ کا وقفہ ہوگا۔اس موقع پر بی آر ٹی کے حیات آباد اور چمکنی ڈپو میں ایک میگاواٹ کے سولر منصوبے کا بھی افتتاح کیا گیا۔ ٹرانس پشاور کے مطابق چمکنی ڈپو کا سولر منصوبہ سالانہ تقریبا 1.38سے 1.44 ملین یونٹ بجلی پیدا کرے گا، جس سے سالانہ 7 کروڑ 44 لاکھ روپے کی بچت متوقع ہے۔ٹرانس پشاور کے مطابق سولر منصوبے کے نتیجے میں سالانہ تقریبا 469 ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں کمی بھی متوقع ہے۔حیات آباد بی آر ٹی ڈپو میں بس پارکنگ، ورکشاپ اور فیول اسٹیشن سمیت دیگر سہولیات موجود ہیں۔حکام کے مطابق حیات آباد ڈپو کے فعال ہونے سے بی آر ٹی بسوں کے غیر ضروری خالی سفر میں کمی آئے گی، جبکہ نئے منصوبوں سے سروس کی مجموعی آپریشنل کارکردگی اور شہریوں کے لیے سفری سہولیات میں بہتری آئے گی۔وزیراعلی سہیل آفریدی نے کہا کہ حکومت شہریوں کو محفوظ، جدید اور ماحول دوست سفری سہولیات فراہم کرنا چاہتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جدید اور ماحول دوست پبلک ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔







