پاکستان مسلم لیگ(ق)لایئرز ونگ کا ایک اہم ہنگامی اجلاس زیر صدارت محمد حبیب قریشی ایڈووکیٹ سپریم کورٹ رجسٹری بلڈنگ پشاور میں منعقد ہوا۔اجلاس میں عثمان ترلاندی ایڈووکیٹ، دائود خان ایڈووکیٹ، اویس علی ایڈووکیٹ، معراج قریشی ایڈووکیٹ، محمد ثاقب ایڈووکیٹ، جمرود خان آفریدی ایڈووکیٹ، مہرمن خاتون ایڈووکیٹ، جہانگیر خان خواجہ ایڈووکیٹ، عماد انجم دورانی ایڈووکیٹ، تسلیم اعوان ایڈووکیٹ، زاہد سلطان، محمد جمیل سمیت لائرز ونگ کے دیگر معزز اراکین نے شرکت کی۔اجلاس میں موجودہ صوبائی صورتحال کا بغور جائزہ لیا گیا۔ شرکا نے شدید تشویش اور غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اپنے سرکاری امور اور عوامی مسائل کو نظرانداز کر کے صرف سیاست میں مصروف ہیں اور ہر وقت اسلام آباد کی طرف چڑھائی کی تیاری میں ہیں جبکہ انہیں عوام کے دکھ درد کا کوئی احساس نہیں۔ عوام مہنگائی، بدامنی، دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات اور امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال سے شدید پریشان ہیں۔

اجلاس نے وزیر اعلیٰ سے مطالبہ کیا کہ وہ سیاسی سرگرمیوں کو چھوڑ کر اپنی توجہ سرکاری امور اور عوامی مسائل کے حل پر مرکوز کریں،اجلاس میں عزم کا اظہار کیا گیا کہ مرکزی قیادت چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری سالک حسین وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز و افرادی قوت و صوبائی صدر انتخاب خان کی قیادت میں لائرز ونگ پارٹی کا ہراول دستہ ثابت ہوگا۔ پاکستان مسلم لیگ لائرز ونگ کو پورے پاکستان میں مزید فعال اور منظم کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں ملک بھر کے دوروں کا باقاعدہ پروگرام ترتیب دے دیا گیا ہے، جس کے تحت مختلف شہروں میں وکلا برادری سے رابطے کیے جائیں گے اور انہیں مسلم لیگ (ق)لائرز ونگ میں شمولیت کی دعوت دی جائے گی۔اس موقع پر مقررین نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ لائرز ونگ آئین و قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے اور حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ ہر کام آئین و قانون کے مطابق انجام دیا جائے اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔ پاکستان مسلم لیگ کا بنیادی مقصد عوام کو مشکلات اور تکالیف سے نکالنا ہے۔ اگر حکمران ذاتی سیاست اور احتجاجی سیاست میں الجھے رہیں گے تو عوام کے مسائل میں مزید اضافہ ہوگا اور ریاستی اداروں کی کارکردگی متاثر ہو گی۔اجلاس نے متفقہ طور پر ایک قرارداد کے ذریعے افواج پاکستان کی دہشتگردی کے خلاف جنگ میں لاتعداد قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور ملک وقوم کی حفاظت کے لیے بھرپور کاوشیں جاری رکھنے کی ضرورت کا اظہار کیا گیا۔مزید برآں اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان مسلم لیگ اس ملک کو بنانے والی جماعت ہے اور لائرز ونگ ہمیشہ پارٹی کے ساتھ کھڑی رہے گی اور اس کو ایک مضبوط قوت بنائیں گے اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن، ہائی کورٹ بار اور ڈسٹرکٹ بار کے آئندہ انتخابات میں بھرپور حصہ لیا جائے گا اور اپنے امیدواروں کی کامیابی کے لیے ہر ممکن کردار ادا کیا جائے گا۔اجلاس کے اختتام پر شرکا نے محمد حبیب قریشی ایڈووکیٹ سپریم کورٹ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ وہ ہمیشہ اپنا قیمتی وقت نکال کر پارٹی اور لائرز ونگ کے لیے گراں قدر خدمات سرانجام دے رہے ہیں، جسے پارٹی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔







