پشاور میں ڈائریکٹر جنرل نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) سید علی ناصر رضوی کی زیرِ صدارت زوم پر اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں NCCIA کے تمام سرکلز کے ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔
اجلاس میں سائبر کرائم کی روک تھام، شہریوں کی شکایات کے بروقت اور مؤثر ازالے، اور تفتیشی امور کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈی جی NCCIA نے افسران کو ہدایت کی کہ عوام کو فوری انصاف کی فراہمی، شفافیت اور میرٹ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ تفتیشی امور کو پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ مکمل کیا جائے اور NCCIA کے عوام دوست امیج کو مزید بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ سائبر کرائم کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر انداز میں جاری رکھی جائیں گی تاکہ شہریوں کو آن لائن جرائم سے محفوظ رکھا جا سکے۔







