شہباز شریف کی بوسنیا کے چیئرمین سے ملاقات

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر بوسنیا و ہرزیگووینا کی صدارتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر ڈینس بیچیرووچ سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور بوسنیا و ہرزیگووینا کے دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا۔ بات چیت میں سیاسی و اقتصادی تعاون، دفاع، ہنرمند افرادی قوت کے تبادلے، تعلیم اور ثقافت سمیت باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور زیر بحث آئے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بوسنیا و ہرزیگووینا کے ساتھ پاکستان کے تاریخی، قریبی اور برادرانہ تعلقات کی اہمیت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور اقتصادی تعاون پر مبنی مضبوط اور وسیع البنیاد شراکت داری قائم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے بوسنیا و ہرزیگووینا کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی حمایت بھی دہرائی۔ ان کا کہنا تھا کہ علاقائی استحکام ایک مضبوط، مستحکم اور خوشحال بوسنیا و ہرزیگووینا سے وابستہ ہے۔

شہباز شریف نے بوسنیا و ہرزیگووینا کے یورپی یونین میں شمولیت کے مذاکرات کے باضابطہ آغاز پر ڈاکٹر ڈینس بیچیرووچ کو مبارکباد دی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان بوسنیا و ہرزیگووینا کو یورپی اور مغربی بلقان کی منڈیوں تک پاکستانی مصنوعات کی رسائی کے لیے تجارت اور علاقائی روابط کے ممکنہ مرکز کے طور پر دیکھتا ہے۔

ملاقات میں ڈاکٹر ڈینس بیچیرووچ نے مغربی ایشیا اور خلیجی خطے میں کشیدگی کم کرنے اور حالات معمول پر لانے کے لیے پاکستان کے ثالثی کردار کو سراہا۔ انہوں نے سندھ طاس معاہدے کو معطل رکھنے کے اقدام کی غیر قانونی حیثیت سے متعلق پاکستان کے مؤقف کی بھی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔

دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے رابطے جاری رکھنے اور مشترکہ کوششیں آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔ اس کے علاوہ آئندہ دنوں میں دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے دوروں کے تبادلے کو فروغ دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed