عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں مسلسل چوتھے روز کم ہوگئیں تاہم امریکا میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بلند سطح پر برقرار ہیں جس کا الزام نائب امریکی صدر نے ایران پر دھر دیا۔امریکی اخبار کے مطابق پیر کو برینٹ خام تیل کی قیمت 3.4 فیصد کمی کے بعد 100.34 ڈالر فی بیرل جبکہ امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی 4.5 فیصد کمی کے بعد 95.78 ڈالر فی بیرل پر بند ہوا۔دونوں کی قیمتیں 8 ستمبر کے بعد کم ترین سطح پر آگئیں۔ قیمتوں میں کمی کی بڑی وجہ آبنائے ہرمز سے تیل کی ترسیل میں بہتری اور ایران تنازع پر سفارتی پیش رفت کی امید قرار دی جارہی ہے۔ دوسری جانب امریکا میں ایندھن کی قیمتیں اب بھی بلند ہیں۔ گزشتہ روز ملک بھر میں پٹرول کی اوسط قیمت 4.48 ڈالر فی گیلن رہی جو ایک سال پہلے کے مقابلے میں ایک ڈالر سے زیادہ ہے۔ ڈیزل کی اوسط قیمت ریکارڈ 6.51 ڈالر فی گیلن تک پہنچ گئی۔ادھر امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ملک میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کا ذمہ دار ایران کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے جہاز رانی میں خوف اور خطرات پیدا کیے جانے سے توانائی کی لاگت بڑھ رہی ہے۔







