خیبر پختونخوا کے ضلع صوابی میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ویئر ہاؤس سے 25 کروڑ روپے مالیت کے سگریٹ غائب ہونے کا سنسنی خیز واقعہ سامنے آیا ہے، جس پر فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے باقاعدہ قانونی کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا ہے۔
ایف آئی اے کی جانب سے درج کی گئی ایف آئی آر میں ایف بی آر کے متعلقہ افسران اور سگریٹ کمپنی کے اہلکار کو نامزد کیا گیا ہے۔ نامزد ملزمان پر اپنے اختیارات کے ناجائز استعمال، مجرمانہ غفلت اور آپس میں ملی بھگت سے سامان غائب کرنے کے سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
تفتیشی حکام کے مطابق گودام کا معائن کرنے پر معلوم ہوا کہ وہاں اسٹاک رجسٹر، سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ اور مال کی نقل و حرکت کا کوئی بھی تحریری یا ڈیجیٹل ریکارڈ موجود نہیں تھا۔ ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ معاملے کی تفصیلی تحقیقات جاری ہیں اور پیش رفت کے ساتھ مزید ایف بی آر افسران و دیگر ملوث افراد کا کردار متعین کیا جائے گا۔







