ضلع نوشکی میں پولیو ٹیم پر حملہ، دو پولیس اہلکار شہید

بلوچستان کے ضلع نوشکی کے علاقے کلی جمال آباد میں پولیو مہم کی سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں پر نامعلوم مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار محمد یاسر اور عبدالراؤف جاں بحق ہو گئے۔ حملہ آور فائرنگ کرنے کے بعد شہید ہونے والے اہلکاروں کا سرکاری اسلحہ بھی اپنے ساتھ چوری کر کے فرار ہو گئے۔ واقعے کے فوراً بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

وزیر اعلیٰ کے معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی نے اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور ‘فتنۃ الہندوستان’ کو حملے کا براہ راست ذمہ دار قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیو ٹیم پر حملہ دراصل بلوچستان کے بچوں کے مستقبل پر حملہ ہے کیونکہ یہ عناصر صوبے میں امن، ترقی اور بیماریوں کے خاتمے کے خلاف ہیں۔

بابر یوسفزئی نے مزید کہا کہ پولیو ایک مہلک بیماری ہے اور اس سے بچاؤ کی ویکسین فراہم کرنے والے ورکرز اور ان کی سیکیورٹی پر مامور اہلکار قومی خدمت انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ حکومت بلوچستان کے بچوں کے صحت مند اور محفوظ مستقبل کے لیے پرعزم ہے اور دہشت گردوں کے ایسے بز دلانہ اقدامات سے ریاست کے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed