کوہاٹ بورڈ نتائج’29 فیصد طلباء ،کامیاب، 38 ہزار ناکام

بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کوہاٹ نے انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحان 2026 کے نتائج کا اعلان کردیا جس کے مطابق سال اول اور سال دوم کے امتحانات میں مجموعی طور پر 54224 امیدواروں نے شرکت کی جن میں سے صرف 15862 امیدوار کامیاب قرار پائے جبکہ 38362 امیدوار ناکام رہے۔ مجموعی کامیابی کا تناسب صرف 29.25 فیصد رہا جو خطے میں انٹرمیڈیٹ سطح پر تعلیمی کارکردگی کے حوالے سے سنجیدہ سوالات اٹھاتا ہے۔نتائج کے مطابق ہر 100 میں سے تقریباً 71 امیدوار کامیابی حاصل نہ کرسکے جسے تعلیمی ماہرین اور متعلقہ اداروں کے لیے لمحہ فکریہ قرار دیا جاسکتا ہے۔ اتنی بڑی تعداد میں طلبہ کی ناکامی نے تدریسی معیار، طلبہ کی تیاری، تعلیمی سہولیات اور امتحانی نظام کی مجموعی کارکردگی کے حوالے سے بھی بحث کو جنم دیا ہے۔پیر کے روز اعلان کردہ نتائج کے مطابق آکسفورڈ سائنس سکول اینڈ کالج چوکارہ (کرک) کی طالبہ ہدیہ طارق نے 1142 نمبر حاصل کرکے بورڈ میں مجموعی طور پر پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ کیڈٹ کالج کوہاٹ کے کیڈٹ محمد ولید یوسف نے 1136 نمبر کے ساتھ دوسری اور اسی کالج کے کیڈٹ محمد شعبان اطہر نے 1132 نمبر کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔پری میڈیکل گروپ میں ہدیہ طارق نے 1142 نمبر حاصل کرکے پہلی، کیڈٹ کالج کوہاٹ کے محمد شعبان اطہر نے 1132 نمبر کے ساتھ دوسری جبکہ آکسفورڈ سائنس سکول اینڈ کالج چوکارہ کے طلحہ ضیاء نے 1114 نمبر حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی۔پری انجینئرنگ گروپ میں کیڈٹ کالج کوہاٹ کے طلبہ محمد ہابیل اور عمر زاہد نے 1,122، 1,122 نمبر حاصل کرکے مشترکہ طور پر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ آکسفورڈ سائنس سکول اینڈ کالج میٹھاخیل کرک کی طالبہ ہما میر نے 1069 نمبر کے ساتھ دوسری جبکہ کیڈٹ کالج کوہاٹ کے طالب علم محمد عمر حسن نے 1050 نمبر کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔جنرل سائنس گروپ میں کیڈٹ کالج کوہاٹ کے طالب علم محمد ولید یوسف نے 1136 نمبر حاصل کرکے پہلی، اسی کالج کے طالب علم محمد شہباز نے 1123 نمبر کے ساتھ دوسری جبکہ تاشفین اقبال نے 1096 نمبر کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔آرٹس گروپ میں سرکاری سکول کی طالبات نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول بلی ٹنگ کی طالبہ آمنہ بی بی نے 1012 نمبر حاصل کرکے پہلی، ایمن سعید نے 1008 نمبر کے ساتھ دوسری جبکہ نہال کاشف نے 1007 نمبر حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی۔نتائج کے مطابق سال اول میں مجموعی طور پر 22728 طلبہ و طالبات نے امتحان میں شرکت کی جن میں سے صرف 6138 کامیاب قرار پائے اور کامیابی کا تناسب 27.01 فیصد رہا جبکہ سال دوم میں 31496 امیدواروں نے امتحان دیا جن میں سے 9724 کامیاب ہوئے اور کامیابی کی شرح 30.87 فیصد رہی۔ اعداد وشمار کے مطابق سال اول میں تقریباً 16590 امیدوار جبکہ سال دوم میں 21772 امیدوار کامیاب نہ ہوسکے۔ یوں دونوںسالوں میں مجموعی طور پر 38362 امیدواروں کی ناکامی سامنے آئی جو کوہاٹ بورڈ کے تحت انٹرمیڈیٹ سطح کی تعلیمی کارکردگی کا ایک اہم اور قابل غور پہلو ہے۔نتائج کی یہ کم شرح اس امر کی متقاضی ہے کہ متعلقہ تعلیمی حکام ناکامی کی وجوہات، تدریسی معیار، اساتذہ کی دستیابی، طلبہ کی تعلیمی بنیاد اور امتحانی تیاری کا جامع جائزہ لیں تاکہ بڑی تعداد میں طلبہ کے تعلیمی سفر کے متاثر ہونے کی وجوہات کا ازالہ کیا جاسکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed