وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے سی ایم ایچ کوہاٹ کے دورے کے موقع پر کوہاٹ واقعہ میں زخمی ہونے والے افراد سے فردا فردا ملاقات کی اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے نیک تمنائوں کا پیغام پہنچایا۔زخمیوں نے وفاقی وزیر اطلاعات کو دہشت گردی کے واقعہ سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔زخمیوں نے عیادت کے لئے آنے پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ سے اظہار تشکر کیا۔وفاقی وزیر نے دہشت گردی کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے زخمیوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب، ایمان اور عقیدہ نہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ دہشت گرد بزدل لوگ ہیں، آپ نے جس بہادری سے مقابلہ کیا وہ لائق تحسین ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔وفاقی وزیر نے کوہاٹ واقعہ کے زخمیوں کو حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔







