متحدہ عرب امارات کے صدر کے سفارتی مشیر ڈاکٹر انور قرقاش نے کہا ہے کہ سعودی عرب پر ہونے والے حملے امارات کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خطرہ ہیں۔
دبئی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انور قرقاش نے کہا کہ جنگ اور کشیدگی کے مسلسل جاری رہنے کی صورت میں خطے کا مستقبل تعمیر نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ بحران کے خاتمے کے لیے مذاکرات اور رابطوں کا سلسلہ جاری رکھنے کا وقت آگیا ہے۔ انور قرقاش کے مطابق ایران کے ساتھ رابطے برقرار رکھنا کشیدگی کم کرنے کے لیے اہم ہے۔
اماراتی صدر کے سفارتی مشیر نے بتایا کہ ابوظبی کے ولی عہد اور ایرانی صدر کے درمیان ملاقات میں اس بات پر اتفاق ہوا کہ ماضی کو پیچھے چھوڑ کر آگے بڑھنا ہوگا۔
انور قرقاش نے کہا کہ مستقبل کی جانب پہلا قدم حملوں کا خاتمہ ہونا چاہیے، کیونکہ حملوں کے دوران مذاکرات ممکن نہیں ہوتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریاستی کنٹرول سے باہر موجود ہتھیار خطے میں عدم استحکام کا باعث بنتے ہیں۔







