وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے لاہور میں آج شام پانچ بجے دوبارہ سٹریٹ موومنٹ شروع کرنے کا اعلان کردیا۔
سہیل آفریدی کا کہنا ہے کہ وہ آج بھی لاہور میں موجود ہیں اور ان شاء اللہ شام پانچ بجے سٹریٹ موومنٹ کا دوبارہ آغاز کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ گزشتہ روز لاہور میں داخل ہونے کے بعد پنجاب پولیس اور پنجاب حکومت کا رویہ انتہائی افسوسناک رہا۔ ان کے مطابق ان کے راستے میں کنٹینرز کھڑے کیے گئے جبکہ مختلف مقامات پر لائٹس بھی بند کردی گئیں۔
سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ ان کے راستے میں پٹرول پمپس بند کیے گئے اور انہیں پٹرول فراہم نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کارکنوں کے ٹینٹ بھی اکھاڑ دیے گئے جبکہ متعدد کارکنوں کو گرفتار کیا گیا۔
انہوں نے اعلان کیا کہ ان تمام حالات کے باوجود آج شام پانچ بجے لاہور میں دوبارہ سٹریٹ موومنٹ شروع کی جائے گی۔







