حکومت شانگلہ کے کان کنوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی، انتخاب چمکنی

پاکستان مسلم لیگ (ق)خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر انتخاب خان چمکنی نے کہا ہے کہ شانگلہ کے کان کن ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، ان کے تحفظ، فلاح و بہبود اور حادثات میں جاں بحق ہونے والے کان کنوں کے خاندانوں کی مالی معاونت حکومت کی ذمہ داری ہے، متاثرہ خاندانوں کو مشکل کی گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
وہ وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز و انسانی وسائل چوہدری سالک حسین کی خصوصی ہدایت پر وفاقی سیکرٹری اوورسیز پاکستانیز و انسانی وسائل اور ورکرز ویلفیئر فنڈز ذوالفقار خان کے ہمراہ ضلع شانگلہ کے دورے کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے۔ دورے کے دوران کوئلہ کان حادثات میں جاں بحق ہونے والے کان کنوں کے خاندانوں میں مالی امداد کے چیکس تقسیم کیے گئے اور متاثرہ خاندانوں سے ملاقات بھی کی گئی۔
اس موقع پر انتخاب خان چمکنی نے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کی جانب سے جاں بحق کان کنوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعاون کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن معاونت جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ امدادی چیکس کی تقسیم کا مقصد متاثرین کو مشکل وقت میں سہارا فراہم کرنا اور انہیں یہ یقین دلانا ہے کہ حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
انتخاب خان چمکنی نے وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز و انسانی وسائل چوہدری سالک حسین کی جانب سے شانگلہ میں ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشن (EOBI) کے دفتر کے قیام کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ شانگلہ میں EOBI دفتر کے قیام سے مزدوروں، کان کنوں اور دیگر محنت کشوں کو پنشن، رجسٹریشن اور دیگر متعلقہ سہولیات کے حصول کے لیے دور دراز علاقوں کا سفر نہیں کرنا پڑے گا اور انہیں اپنے ضلع میں ہی سہولیات میسر ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ق)مزدوروں، کان کنوں اور محنت کش طبقے کی فلاح و بہبود کو خصوصی اہمیت دیتی ہے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کی جائے گی۔ حکومت کی کوشش ہے کہ محنت کشوں کو ان کے بنیادی حقوق اور فلاحی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔صوبائی صدر انتخاب خان چمکنی نے مزید کہا کہ وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کی خصوصی ہدایت پر شانگلہ کا دورہ اور متاثرہ خاندانوں میں امدادی چیکس کی تقسیم اسی عزم کا عملی اظہار ہے کہ حکومت کوئلہ کان حادثات کے متاثرین اور ان کے خاندانوں کو مشکل حالات میں تنہا نہیں چھوڑے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed