شیخ الحدیث مولانا محمد ادریس کے قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آنے کا دعوی کرتے ہوئے ڈی پی او چارسدہ رفعت اللہ نے کہا ہے کہ پولیس قاتلوں اور کیس میں مبینہ طور پر ملوث دیگر عناصر تک پہنچنے کے لیے مختلف پہلوں سے تفتیش کر رہی ہے اور عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کریں گے۔ڈی پی او چارسدہ رفعت اللہ کے مطابق بڑے مقدمات میں مختلف پہلوں، شواہد اور دستیاب معلومات کو سامنے رکھتے ہوئے تفتیش آگے بڑھائی جاتی ہے۔مولانا شیخ ادریس قتل کیس میں بھی قاتلوں سمیت مبینہ گینگ اور دیگر ملوث عناصر کی نشاندہی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ تفتیش مکمل ہونے سے قبل کیس کی تفصیلات سامنے لانا قبل از وقت ہوگا، تاہم ملزمان کی گرفتاری کے بعد تمام حقائق میڈیا کے سامنے رکھے جائیں گے۔ڈی پی او چارسدہ کا کہنا تھا کہ کیس کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، جبکہ ملزمان اور دیگر ملوث عناصر کی نشاندہی کے بعد عوام کو بھی آگاہ کیا جائے گا۔رفعت اللہ نے مزید کہا کہ مولانا شیخ ادریس قتل کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اور جلد خوشخبری ملے گی۔







