ایوب میڈیکل کالج میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب کھیل کے گراؤنڈ میں پیدا ہونے والا تنازعہ شدت اختیار کرنے کے بعد انتظامیہ نے کالج کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیا، جبکہ ہاسٹلز بھی خالی کرا لیے گئے۔ طلبہ کے مابین جھگڑے کے نتیجے میں چار میڈیکل طلبہ زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔واقعہ کے بعد ادارے کے قوانین کی خلاف ورزی پر 5 طلبہ کو کالج سے فارغ کر دیا گیا، جبکہ معاملے پر تھانہ میرپور میں دونوں فریقین کی جانب سے مقدمات درج کرکے پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے۔دوسری جانب واقعہ کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر ہاؤس جاب آفیسرز اور ٹی ایم اوز نے بھی ایوب میڈیکل کمپلیکس میں ہڑتال کی، جس کے باعث ہسپتال آنے والے مریضوں اور ان کے لواحقین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ذرائع کے مطابق کشیدہ صورتحال کے پیش نظر انتظامیہ نے میڈیکل کالج کے ہاسٹلز خالی کروانے کے ساتھ کالج کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پولیس واقعہ کے محرکات، جھگڑے کی وجوہات اور دونوں فریقین کے کردار کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات کر رہی ہے۔ایبٹ آباد کے شہریوں نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔







