پشاور میں بچوں کے تحفظ اور حقوق سے متعلق آگاہی تقریب منعقد

 

پشاور: بچوں کے عالمی دن کے موقع پر گورنمنٹ سکول برائے نابینا افراد میں بچوں کے حقوق اور تحفظ کے حوالے سے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں بچوں کو جنسی تشدد، بدسلوکی اور استحصال سے محفوظ رکھنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

تقریب کا اہتمام چائلڈ پروٹیکشن یونٹ پشاور، خیبر پختونخوا چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر کمیشن کے زیر اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر بچوں کے بنیادی حقوق، تحفظ اور بہتر مستقبل کے حوالے سے ضلعی سطح پر آگاہی مہم کا بھی آغاز کیا گیا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریلیف اینڈ ہیومن رائٹس شیرباز خان نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جبکہ گورنمنٹ سکول برائے نابینا افراد کے پرنسپل محمد عارف، ضلعی انتظامیہ، لوکل گورنمنٹ، لیبر ڈیپارٹمنٹ، زمونگ کور، ماہرین تعلیم، مذہبی اسکالرز، سول سوسائٹی اور مختلف غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندے بھی موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ بچوں کو جنسی تشدد، بدسلوکی، استحصال اور چائلڈ لیبر سے محفوظ رکھنا معاشرے کے تمام طبقات کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ بچوں کو محفوظ ماحول، معیاری تعلیم اور بنیادی حقوق کی فراہمی یقینی بنانا ضروری ہے۔

مقررین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ خصوصی ضروریات کے حامل بچوں سمیت ہر بچے کو بلاامتیاز تعلیم، تحفظ، عزت اور ترقی کے یکساں مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بچوں کے خلاف تشدد اور استحصال کی روک تھام کے لیے والدین، اساتذہ، سرکاری اداروں اور سول سوسائٹی کو مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔

تقریب کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بچوں کے حقوق کے تحفظ، ان کے استحصال کی روک تھام اور محفوظ ماحول کی فراہمی کے لیے آگاہی مہم اور عملی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed